وڈودرا ،22؍نومبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) گزشتہ ماہ وڈودرا میں وزیر اعظم نریندر مودی کے روڈ شو کے دوران ان کی طرف مبینہ طور پر چوڑیاں پھینکنے والی عورت کو کانگریس پارٹی اپنا امیدوار بنا سکتی ہے۔ معطل پرائمری ٹیچر چندرکا سولنکی، کنٹراکٹ اینڈ فکسڈ سیلری سٹرگلس کمیٹی کی خاتون شاخ کی صدر بھی ہیں۔اس تنظیم نے ریاست میں متحرک شعبہ طبی رضاکار تنظیم ( آشا ورکر) کو مساوی حقوق اور یکساں تنخواہ کے لئے تحریک چلائی ہے۔ چندرکاسولنکی نے اے بی پی نیوز پر اس کی تصدیق کی ہے کہ وہ وڈودرا کی اسمبلی سے الیکشن لڑنے کی خواہش رکھتی ہیں اور مستقل کانگریس کے رابطے میں ہے۔ چندرکا نے بتایا کہ کانگریس کے آبزرور بھی ان سے مل چکے ہیں۔ الیکشن لڑنے کے لئے انہوں نے پرائمری ٹیچر کے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔ چندرکاکی دعویداری پر اے بی پی نیوز نے وڈودرا کانگریس کے صدر پٹیل سے بات کی پٹیل نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ چندرکا پٹیل نے ضلع کانگریس کمیٹی کو نہیں بلکہ پردیش کانگریس کمیٹی سے ٹکٹ کے لئے رابطہ کیا ہے ۔ کانگریس ریاستی صدر نے کہا کہ ریاستی کانگریس جسے بھی ٹکٹ دے گی اس کو مکمل معتبر طریقے سے انتخابات لڑ نے کا موقعہ دے گی ۔ ساتھ ہی دو دن پہلے وڈودرا میں کانگریس کے پلیٹ فارم پر چندرکا نظر بھی آئی تھی۔